نئی دہلی، 23؍دسمبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے منی لانڈرنگ کی تحقیقات کے تحت بنگلور میں قائم ایک کمپنی کے آٹھ کروڑ روپے سے زائد کے اثاثے ضبط کرلئے ہیں۔ اس کمپنی پر کروسی پونجی یا چٹ فنڈ اسکینڈل میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔ ایجنسی نے یہ معلومات منگل کو دی۔
ایجنسی کا کہنا تھا کہ ضبط شدہ اثاثوں میں ایک زرعی پلاٹ، رہائشی پلاٹ، 13 بینک اکاؤنٹ اور ڈییمٹ اکاؤنٹ اجمیرا گروپ، اس کے ساتھیوں اور دیگر کے نام شامل ہیں۔ ان اثاثوں کو منی لانڈرنگ کی روک تھام کے ایکٹ (پی ایم ایل اے) کی مختلف دفعات کے تحت ضبط کیا گیا ہے۔ ای ڈی نے کمپنی اور اس کے پروموٹرز تبریز پاشا، عبد دستگیر، تبریز اللہ شریف، سید مدثر، سید مطہر اور فیروز خان کے خلاف درج ایف آئی آر اور چارج شیٹ کی بنیاد پر تفتیش کا آغاز کیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق 1148 جمع کروانے والوں سے غیر قانونی طور پر رقم جمع کی گئی اور 29.17 کروڑ روپے واپس نہیں ہوئے۔ ای ڈی نے ایک بیان میں کہا کہ اجمیرا گروپ نے سود کی اعلی شرح (ہر ماہ 20 فیصد تک) کے وعدے کے ساتھ سرمایہ کاروں کو لالچ دے کر غیر قانونی طور پر 256.06 کروڑ روپے جمع کئے۔ ایجنسی کا کہنا تھا کہ اتنی اعلی شرح سود کسی بھی دانشمندانہ انداز میں ممکن نہیں اور ملزم کمپنی سرمایہ کاروں کو 29.17 کروڑ روپے واپس کرنے میں ناکام رہی۔